جمعه 10 فروردین 1403

14 August 2023

سہون شریف درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر پر دہستگردانہ کارروائی خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہیں: علامہ راجہ ناصر عباس

سہون شریف درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر پر دہستگردانہ کارروائی خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہیں: علامہ راجہ ناصر عباس


کراچی؛ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ مبارک علی موسوی، ڈاکٹر افتخار حسین نقوی،علامہ ملازم حسین نقوی،سید حسن کاظمی نے سہیون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندر کی مزار پر خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں نے پاکستانی عوام پر جنگ مسلط کرنے کا اعلان کر دیا ہے، انہوں نے سانحہ سہون کے خلاف کل ملک گیر یوم سوگ اور سندھ بھر میں پرامن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

اپنے مذمتی بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماو ں نے کہا کہ صوفیوں اور اولیااللہ کی سرزمین کو خاک و خون میں نہلانے والے صفاک دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمران دہشتگردوں کے سیاسی و مذہبی سرپرستوں کے دباو کو مسترد کرتے ہوئے اس ناسور کیخلاف بے رحمانہ آپریشن کا اعلان کرے، نیشنل ایکشن پلان پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو جاگنے کے لئے مزید کتنے معصوم پاکستانیوں کے خون درکار ہیں، حکمران،افواج پاکستان اور عوام مل کر ان درندہ صفت تکفیری دہشتگردوں کا مقابلہ کرے، ان دہشتگردوں کی سرپرستی سی پیک کے دشمن ممالک کر رہے ہیں، ہمیں اپنی ماضی کی پالیسیوں پر نظرثانی کرتے ہوئے،پاکستان کے مستقبل کا سوچنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی کاروائیاں ملکی سلامتی و استحکام کے لیے خطرناک صورت اختیار کر چکی ہیں، ان تکفیری دہشتگرد گروہوں کا خاتمہ ملکی سلامتی و امن کے لیے انتہائی ضروری ہے، دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کے محض بلند و بانگ دعووں سے نہیں ہو گا اس کے لیے سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہو کر فیصلہ کن اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم مذہبی جماعتوں اور سہولت کاروں کے لیے حکمران جماعت کا نرم گوشہ ملک میں دہشت گردی کا ایک واضح سبب ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی حالیہ کارروائی کو اگر عالمی تناظر میں دیکھا جائے تو یہ پاک چائنا اقتصادی راہدری منصوبے کے خلاف بھی سازش ہے، امریکہ ،بھارت اور کچھ خلیجی ریاستیں پاکستان کو مستحکم نہیں دیکھنا چاہتیں اور سی پیک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، پاکستان کے امن کو خراب کر کے پاکستان کو ایک غیر محفوظ ریاست ثابت کرنے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے، اس کوشش کو ناکام بنانے کا واحد حل دہشت گرد عناصر اور سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کارروائی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں کالعدم مذہبی جماعتوں کے خلاف فوری آپریشن کیا جائے، رکاوٹ بننے والے عناصر کے خلاف بھی کاروائی کی جائے۔ مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے کل ملکر گیر یوم سوگ اور سندھ بھر میں پرامن ہڑتال کا اعلان کیا ہے، جمعیت علمائے پاکستان، آل پاکستان سنی تحریک، پاکستان عوامی تحریک و دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں نے ایم ڈبلیو ایم کی پرامن ہڑتال کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔