جمعه 31 فروردین 1403

14 August 2023

فلسطین میں یہودی آباد کاری آگ سے کھیلنے کے مترادف: عرب لیگ

فلسطین میں یہودی آباد کاری آگ سے کھیلنے کے مترادف: عرب لیگ


قاہرہ میں عرب لیگ کے ہیڈ کواٹرکی طرف سے فلسطین میں یہودی آباد کاری کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فلسطین میں یہودی آباد کاری جنگی جرائم کی سطح پر ایک سنگین جرم ہے جس کی روک تھام کے لیے عالمی اداروں سے روجوع کرنا ضروری ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے تل ابیب کو دیوار مسجد اقصیٰ کے مغربی حصے اور دیوار براق تک ایک تیز رفتار ٹرین کا منصوبہ شروع کیا ہے جو یہودی توسیع پسندی اور غیرقانونی آباد کاری کا حصہ ہے۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ حال ہی میں بیت المقدس میں اسرائیلی بلدیہ کی ایک ذیلی کمیٹی نے اس منصوبے کی منظوری دی ہے جس کا مقصد براق سیڑھی کی تعمیر کرکے غیرملکی سیاحوں اور یہودی آباد کاروں کی دیوار براق تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔

عرب  لیگ نے بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے خلاف جاری صہیونی سازشوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ عرصے کے دوران صہیونی ریاست نے منظم انداز میں توسیع پسندی اور یہودیانے کے غیرمعمولی منصوبے شروع کیے ہیں، فلسطین میں یہودی آباد کاری اور مقدس مقامات پر قبضے کی سازشیں جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہیں اور اسرائیل کے ان اقدامات کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کی جانی چاہیے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ منصوبے کے تحت دیوار براق کے قریب 80 میٹر گہرائی میں دو کلو میٹر طویل سرنگ تعمیر کی جائے گی جہاں سے ریلوے لائن دیوار براق تک پہنچائی جائے گی۔

واضح رہے کہ  تل ابیب سے دیوار براق تک ریلوے لائن منصوبے کے لیے سات ارب شیکل کی رقم مختص کی گئی ہے اور یہ منصوبہ رواں سال کے اختتام تک مکمل کیا جائے گا تل ابیب سے بیت المقدس تک اس ریلوے ٹریک کی لمبائی 56 کلو میٹر ہوگی جس کی مدد سے تل ابیب سے بیت المقدس سے صرف 28 منٹ  میں سفر ممکن ہوگا۔