سه شنبه 4 اردیبهشت 1403

14 August 2023

سعودی سرپرستی میں تشکیل پانے والے فوجی اتحاد کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: انصار اللہ

سعودی سرپرستی میں تشکیل پانے والے فوجی اتحاد کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: انصار اللہ


انصاراللہ یمن کی سیاسی کونسل کے بیان میں آیا ہے کہ یمن کے علاقے ارحب میں خواتین کی مجلس عزاء پر سعودی وحشیانہ حملہ، ظالم حملہ آوروں کے وحشی ہونے کا منہ بولتا ثبوت اور تمام اخلاقی اقدار اور اصولوں سے عاری ہے۔

اس بیان میں مزید آیا ہے کہ دشمن کو خواتین کی مجلس عزاء پر وحشتناک حملے کا عملی جواب دیا جائیگا۔

انصاراللہ یمن کے سیاسی کونسل نے تاکید کی کہ خواتین کی مجلس عزاء پر حملے سے یمنی قوم کے اندر دراندازی کرنے والوں کیخلاف مقابلے اور استقامت کے جذبات میں پہلے سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

سعودی اتحاد کی قابض افواج کی جانب سے صنعا کے شمال میں واقع ارحب نامی علاقے میں خواتین کی مجلس عزاء پر حملے کے نتیجے میں 6 خواتین شہید اور 10 زخمی ہو گئی تھیں۔

اس حملے کے بعد سعودی اتحاد کے جنگی طیارے کئی گھنٹوں تک پروازیں کرتے رہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق شہید ہونے والی 6 خواتین کے پیکر کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے۔

سعودی اتحاد نے اس سے قبل بھی کئی بار عزاداری کی مجالس کو نشانہ بنایا ہے جن میں سے سب سے بڑا حملہ صنعا میں ایک بڑے ہال پر کیا گیا تھا جس میں کم سے کم ایک ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوگئے تھے۔