شنبه 1 اردیبهشت 1403

14 August 2023

بحرینی سکیورٹی دستوں کی تربیت کے بارے میں خوفناک انکشاف

بحرینی سکیورٹی دستوں کی تربیت کے بارے میں خوفناک انکشاف


اسرائیلی وزیر تساحی ھنگبی کا کہنا ہے کہ بحرین اور اسرائیل کے درمیان اقتصادی اور سیکورٹی کے روابط ہیں جس کے تحت صہیونی اہلکار بحرینی حکومت کی خواہش پر اس ملک میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کو کچلنےکے لئے پولیس کو تربیت دے رہے ہیں۔

اسرائیلی روزنامہ ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق، وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے قریبی وزیر تساحی ھنگبی کا کہنا ہے کہ بحرینی پولیس کے دستوں کو بحرین میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کے خاتمے کے لئے اعلیٰ قسم کی عسکری تربیت دی جارہی ہے۔

صہیونی وزیر نے مزید کہا: اسرائیل خطے کے عرب ممالک کے ساتھ تعاون اور تعلقات بڑھانے کی کوشش کررہا ہے، اس وقت عرب ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھا دئے گئے ہیں اور مزید بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ بعض عرب ممالک اسرائیل کے ساتھ آشکار تعلقات بڑھانے کی باتیں کررہے ہیں تاہم اس سے پہلے اس قسم کے تعلقات کے بارے میں تردید کرتے رہے ہیں، اگرچہ خفیہ طور پر اسرائیل کے ساتھ تعلقات گزشتہ کئی سالوں سے جاری تھے۔

اسرائیلی وزیر کےمطابق، اسرائیل کے بحرین کے ساتھ نہایت اچھے تعلقات ہیں جس کی وجہ سے آل خلیفہ کی سیاسی معاونت کے علاوہ آل خلیفہ خاندان کو اسرائیل میں طبی امداد بھی فراہم کی جارہی ہے۔

اسرائیلی وزیر نے مزید کہا: گزشتہ مہینے اسرائیل کے اقتصادی اور سیاسی حکام کے ایک وفد نے یورپی پاسپورٹ کے ذریعے بحرین کا دورہ کرکے دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال بھی کیا تھا۔