پنج شنبه 9 فروردین 1403

14 August 2023

امت مسلمہ کو فرقہ واریت کے ذریعے کمزور کیا جا رہا ہے: سنی اتحاد کونسل

امت مسلمہ کو فرقہ واریت کے ذریعے کمزور کیا جا رہا ہے: سنی اتحاد کونسل


فیصل آباد میں منعقدہ مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ سنی اتحاد کونسل نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کا فوجی اتحاد تمام مسلم ممالک کی شمولیت کے بغیر بے معنی ہے۔ صاحبزادہ حسن رضا نے کہا کہ امت مسلمہ کو فرقہ واریت کے ذریعے کمزور کیا جارہا ہے۔

 سنی اتحاد کونسل پنجاب کی مجلس عاملہ کے ہنگامی اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ فوجی عدالتوں کو ختم کرنا دہشتگردوں کو ریلیف دینے کے مترادف ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کی مخالفت کرنے والے دہشتگردوں کے حامی ہیں۔ انتخابی اصطلاحات کیلئے تمام جماعتیں مشترکہ جدوجہد کریں۔ فوجی عدالتوں نے سپیڈی ٹرائل کے ذریعے دہشتگردوں کو نشان عبرت بنایا۔

سنی اتحاد کونسل عام انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی۔ پانامہ لیکس کا فیصلہ میرٹ پر ہوا تو وزیر اعظم نااہل ہو جائیں گے۔ بلدیاتی اداروں کو اختیارات سے محروم کرنا جمہوریت کے منافی ہے۔ احتساب کا شفاف نظام ملکی ترقی کی بنیاد بنے گا۔ مسلم حکمران متحد ہوکر دنیا میں مسلمانوں پر ہونیوالے ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں۔ اسلامی اقوام متحدہ کا قیام وقت کی اہم ضرور ت ہے۔

سنی اتحاد کونسل پنجاب کی مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس جامعہ رضویہ میں سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں مفتی محمد حبیب قادری، صاحبزادہ حسن رضا، ڈاکٹر مفتی محمد کبیر خان، حاجی رانا شرافت علی قادری، صاحبزادہ پیر عمار سعید، علامہ نعیم جاوید نوری، بیرسٹر صاحبزادہ حسین رضا، صاحبزادہ معاذ المصطفیٰ قادری، مولانا محمد اکبر نقشبندی، الحاج سرفراز احمد تارڑ، میاں فہیم اختر، قاری محمد امین رضوی، ندیم رضا رضوی، راؤ حسیب احمد، ارشد مصطفائی اور دیگر نے شرکت کی۔

سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوجی عدالتوں نے دو سالوں کے دوران گرفتار دہشتگردوں کے مقدمات کے تیزی سے فیصلے کرکے دہشتگردوں پر خوف طاری کردیا تھا۔ اہلسنّت کے اتحاد کیلئے کوششیں تیز کردی ہیں۔ عوام اہلسنّت کو جلد خوشخبری ملے گی۔ حکومت غیر ملکی قرضے حاصل کرنے کیلئے قومی اثاثے گروی رکھ رہی ہے۔ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے غیر ملکی قرضوں کا بوجھ  75 کھرب سے زائد ہوچکا ہے۔ لودھراں میں ہونیوالے حادثہ کا ذمہ دار خواجہ سعد رفیق ہے جو ریلوے کا نظام ٹھیک کرنے کی بجائے کرپٹ حکمرانوں کے دفاع میں مصروف رہتا ہے۔ ریلوے کے پے در پے حادثات کے بعد وزیر ریلوے کو مستعفی ہو جانا چاہیئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد حبیب قادری نے کہا کہ قومی خزانہ لوٹ کر بیرون ملک اثاثے بنانے والے حکمران پوری قوم کے مجرم ہیں۔ حکمران خاندان کا کاروبار دنیا کے بیس ممالک میں پھیلا ہوا ہے۔ شریف خاندان کا ہر فرد شریک اقتدار ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنما صاحبزادہ حسن رضا نے کہا کہ شریف برادران نے پاکستان کو شریفستان بنادیا ہے۔

چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی فرینڈلی اپوزیشن کی بجائے حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرے۔ اپوزیشن کے گرینڈ الائنس میں بعض سیاسی جماعتوں کی مصلحتیں رکاوٹ ہیں۔ معاشرے میں قانون کا خوف ختم ہو چکا ہے۔

علامہ نعیم جاوید نوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو عوام کے مسائل میں کوئی دلچسپی ہی نہیں۔ حکومت کی چار سالہ کارکردگی مایوس کن ہے۔ اسلامی ممالک کا فوجی اتحاد تمام مسلم ممالک کی شمولیت کے بغیر بے معنی ہے۔

صاحبزادہ حسین رضا نے کہا کہ امت مسلمہ کو فرقہ واریت کے ذریعے کمزور کیا جارہا ہے۔ اتحاد امت کے بغیر عالم اسلام کے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ اجلاس میں منظور کی گئی قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ معصوم بچوں کو گھریلو ملازم رکھنے پر پابندی عائد کی جائے۔ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی جائے۔ سانحہ چکوال کی شفاف تحقیقات کروائی جائیں۔ نیشنل ایکشن پلان کی ہر ہر شق پر عملد رآمد یقینی بنایا جائے۔ فرقہ پرست تنظیموں کی بیرونی فنڈنگ روکی جائے۔ آپریشن ضرب عضب کا دائرہ پورے ملک میں پھیلایا جائے۔