جمعه 10 فروردین 1403

14 August 2023

آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی وفات پر اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کا تعزیتی پیغام

آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی وفات پر اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کا تعزیتی پیغام


اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی نے رہبر انقلاب اسلامی کے درینہ ساتھی اور انقلاب اسلامی کے بہترین خدمتگزار آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے انتقال پر تعزیتی پیغام جاری کر کے اس عظیم سانحہ پر امام زمانہ، رہبر انقلاب اسلامی اور ملت ایران کی خدمت میں تسلیت پیش کی ہے۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے پیغام میں آیا ہے کہ آیت اللہ ہاشمی کا نام ہمیشہ اسلام، امام اور انقلاب کے ساتھ جڑا رہے گا اس لیے کہ انہوں نے انقلاب سے پہلے کے المناک دور اور قید و زندان کے ایام میں شجاعت اور بہادری کا مظاہرہ کیا، مصیبتوں اور مشکلات کے سالوں میں امام خمینی کی پیروی میں استقامت اور پائیداری کا ثبوت دیا، فلسطین اور لبنان کے مظلوم عوام کی حمایت میں پیشقدمی اختیار کی، اسلامی جمہوریہ ایران کے ستونوں کو استحکام بخشنے کی راہ میں بھر پور تلاش و کوشش کی، نفاق اور انحراف کی پروپیگنڈوں کے مقابلے میں ڈٹے رہے، جنگ کے میدان میں فرنٹ لائن پر جہاد کیا، نماز جمعہ کے خطبوں میں لوگوں کے دلوں کو سکون پہنچانے والی نصیحتیں بیان کیں اور ملک کو بنانے، سنوارنے اور اسے ترقی دینے کی راہ میں بے بہا خدمات پیش کیں یہ تمام خدمات آپ کے صفحہ حیات پر حروف جلی میں لکھی ہوئی ہیں۔
اس بیان میں اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا گیا ہے کہ آیت اللہ رفسنجانی کے دل میں پیغمبر اکرم اور ان کے خاندان پاک کے تئیں محبت اس قدر موجزن تھی کہ آپ نے اپنے دور حیات میں جنت البقیع پر لگائی جانے والی پابندیوں کو ہٹانے کے لیے انتہائی کوشش کی اور باغ فدک کے مقام کو بھی تلاش کر کے اس کی تصاویر شائع کیں۔

اسمبلی نے مرحوم مغفور کے لئے بلندی درجات اور ان کے پسماندگان کے لیے صبر جمیل و اجر جزیل کی دعا کی ہے۔