جمعه 31 فروردین 1403

14 August 2023

اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو زمین میں دفن کر دیں گے: جنرل حسین سلامی

اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو زمین میں دفن کر دیں گے: جنرل حسین سلامی


سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی نے مدافعین حرم اور یزد کے ایٹمی شہداء کی یاد میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ جان لے کہ سرزمین ایران میں ان تمام جارحین کو دفن کر دیا جائے گا جو اس کی سرحدوں کی جانب آنکھ اٹھا کر دیکھنے کی کوشش بھی کریں گے-

جنرل حسین سلامی نے کہا کہ اب طاقت کی کوئی علامت باقی نہیں رہ گئی ہے اور تمام سازشیں نہ صرف ناکام ہو گئی ہیں بلکہ سازش کرنے والوں کی جانب موڑ دی گئی ہیں-

انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں جنگ کے ذریعے کمزور کرنا چاہتا تھا لیکن ہم ایک عظیم میزائلی، بحری اور بری طاقت بن کر ابھرے اور اگر تمام شیاطین اکٹھا ہو جائیں پھر بھی اس طاقت کو شکست نہیں دے سکتے-

جنرل حسین سلامی نے کہا کہ اگر وہ ہمارے علاقائی اثر و رسوخ کو ختم کرنے کی کوشش نہ کرتے تو ہم بھی آج شام، لبنان، فلسطین اور عالم اسلام میں اتنے مضبوط نہ ہوتے-

بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے دشمن کو ہی ایران کی پیشرفت کا عامل قرار دیا اور کہا کہ ہم نے اپنی طاقت اتنی بڑھا لی ہے کہ امریکہ پر بھی غالب آسکتے ہیں اور آج ہم نے یہ حقیقت سمجھ لی ہے کہ شیطان پر غلبہ حاصل کرنے میں مومن کی روح کو کبھی ناکامی نہیں ہو گی اور وہ ناقابل شکست اور ناقابل تسخیر ہوتی ہے-

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر انچیف نے کہا کہ ایران کے طاقتور میزائل فائر ہونے کے لئے تیار ہیں اور ہماری بے پناہ عوامی رضاکار فورس اور بری و بحری افواج پوری طرح سے صف آراء اور پرعزم ہیں-

جنرل حسین سلامی نے کہا کہ ہمارے رہبر عظیم الشان، دشمن کے مقابلے میں پورے وقار، اعتماد بہ نفس اور سکون قلب کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں-

قابل ذکر ہے کہ ایران نے ہمیشہ ہی اعلان کیا ہے کہ اس کا میزائلی پروگرام دفاعی نوعیت کا ہے اور اسے صرف اپنے دفاع کے لئے استعمال کیا جائے گا۔