جمعه 10 فروردین 1403

14 August 2023

مشرقی موصل عنقریب آزاد ہوجائے گا اور عراقی فورسز کی پیشقدمی کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں

مشرقی موصل عنقریب آزاد ہوجائے گا اور عراقی فورسز کی پیشقدمی کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں


عراق کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ کے سربراہ عبدالغنی الاسدی نے موصل آپریشن میں عراقی افواج کے جانی نقصانات میں اضافے پر مبنی عرب اور مغربی میڈیا کی رپورٹوں کو مسترد کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ عراقی فورسز آئندہ چند دنوں میں موصل کے مشرقی حصے کو دہشتگردوں کے قبضے سے مکمل طور پر آزاد کرائیں گی۔

عبدالغنی الاسدی کا کہنا تھا کہ عراقی فورسز کے خلاف دہشتگردوں کے حامی میڈیا کے پروپیگنڈوں کے باوجود ان کے حوصلے بلند ہیں اور وہ موصل کو دہشتگردوں کے چنگل سے آزاد کرانے کے لیے پرعزم ہیں۔ عراقی فورسز اس وقت الکرامہ علاقے کی جانب پیشقدمی کر رہی ہیں اور اس دوران 2 ہزار سے زائد دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

عراق کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ کے سربراہ نے کہا کہ موصل آپریشن کے آغاز میں موصولہ اطلاعات میں دہشتگردوں کی تعداد 5 سے 6 ہزار کے قریب بتائی گئی تھی لیکن اس وقت ان کی تعداد آدھی ہے۔

موصل جسے عراق میں داعش دہشت گردوں کا نام نہاد دارالحکومت کہا جاتا ہے، عراقی فوج کے نشانے پر ہے اور سترہ اکتوبر سے موصل کو آزاد کرانے کے لئے داعش کے خلاف عراقی فوج اور رضاکارفورس کا آپریشن جاری ہے- موصل آپریشن میں عراقی فوج کو غیر معمولی کامیابی مل رہی ہے- گذشتہ ہفتوں میں ہونے والے آپریشن کے دوران عراقی فوج اور رضاکار فورس نے موصل کے مختلف علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے-