شنبه 1 اردیبهشت 1403

14 August 2023

یوم بصیرت اور ولایت سے امت کے میثاق یعنی انتیس دسمبر

یوم بصیرت اور ولایت سے امت کے میثاق یعنی انتیس دسمبر


ایران میں جمعرات کو انتیس دسمبر دوہزار کو ایرانی عوام کے ذریعے ولایت سے میثاق و تجدید کی غرض سے نکالی گئیں شاندار اور تاریخی ریلیوں کی یاد منائی جارہی ہے اور اس کو یوم بصیرت اورولایت سے امت کے میثاق کا نام دیا گیا ہے -
نو دی تیرہ سواٹھاسی ہجری شمسی مطابق انتیس دسمبر دوہزار نو کو کروڑوں کی تعداد میں ایرانی عوام نے پورے ملک میں ریلیاں نکال کر معاشرے میں اسلامی آداب و روایات کو پامال کرنے کی کوششوں اور فتنوں سے برائت و بیزاری کا اعلان کرتے ہوئے فتنہ پھیلانے والے عناصر کا جنھوں نے صدارتی انتخابات میں دھاندلی کے بہانے غلط راستے کا انتخاب کرلیا تھا منہ توڑ جواب دیا -
جمعرات کو تہران ، اصفہان ، مشہد ، قم ، ہمدان ، اراک ، کردستان ، کرمان اور دیگر شہروں کے عوام نے یوم بصیرت و ولایت سے امت کے میثاق کی ساتویں سالگرہ کی مناسبت سے بڑی بڑی ریلیاں نکال کراس دن کو ایرانی عوام کی جانب سے ولایت سے وفاداری کے طور پر منایا اور ولایت فقیہ کے زیرسایہ باہمی اتحاد اور استقامت پر زور دیا -
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے انتیس دسمبر کے عظیم الشان کارنامے کو ولایت فقیہ اور اسلامی جمہوری نظام سے ایرانی عوام کے گہرے عشق و عقیدت کی علامت قراردیا -
پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بھی کہا کہ ایرانی عوام ، سات سال قبل اس دن متحد ہو کر اور فیصلہ کن انداز میں میدان میں نکلے اور انہوں نے اسلامی انقلاب کی حمایت کے لئے ایک بار پھر اپنے عزم و ارادے کا ا علان کیا -
تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سکریٹری محسن رضائی نے بھی جمعرات کو یزد میں انتیس دسمبر کی مناسبت سے منعقدہ پروگرام میں تقریر کرتے ہوئے اس بات پر زوردیا کہ عالمی سامراج کے مقابلے میں استقامت کے لئے ولایت فقیہ کی پیروی اور اتباع ضروری ہے- ان کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام نے انتیس دسمبر دوہزار نو کی تاریخ رقم کرکے عالمی سامراج کی سازشوں اور فتنوں کو پوری طرح ناکام بنا دیا -
مجلس خبرگان کے رکن اور تہران کے عارضی خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے بھی جمعرات کو کرمان میں اسی مناسبت سے منقعد ہونے والے پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے بابصیرت عوام نے سات سال قبل یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ ثابت قدم ہیں اور حالات سے گھبرانے والے نہیں ہیں -
حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم کے متولی حجت الاسلام سید ابراہیم رئیسی نے بھی تہران میں مصلائے امام خمینی عیدگاہ میں ایک بہت بڑے عوامی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سات سال قبل آج کے دن ایرانی عوام کی جانب سے پورے ملک میں نکالی گئیں پرشکوہ اور تاریخ ساز ریلیاں اور ولایت فقیہ سے ملت ایران کا تجدید عہد و وفاداری اسلامی انقلاب کی تاریخ میں ایک شاندار اور یادگار باب ہے -
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے عوام نے مختلف میدانوں اور مراحل میں اسلامی انقلاب، اسلامی جمہوری نظام اور ولایت فقیہ کا دفاع کرکے دشمنوں پر کاری ضرب لگائی ہے -
حجت الاسلام ابراہیم رئیسی نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ استقامت اور پامردی کا جذبہ ایران کی طاقت کا ایک اہم ترین عنصر ہے کہا کہ لبنان کی تینتیس روزہ جنگ اور غزہ کی مختلف جنگوں میں استقامتی محاذ کی کامیابی ایران کے اسلامی انقلاب سے ہی حوصلہ لے کر حاصل ہوئی ہے -
انتیس دسمبر کی یاد میں تہران میں منعقدہ پروگرام میں شریک دسیوں ہزار افراد نے امریکا مردہ باد ، اسرائیل مردہ باد اور فتنہ گر منافق مردہ باد کے نعرے لگاکر نو دی یا انتیس دسمبر کے عظیم الشان واقعے کی ساتویں سالگرہ کی مناسبت سے چھے نکاتی اعلامئے اور قرارداد کی حمایت کا اعلان کیا -
تہران میں جاری کئے گئے اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ نو دی یا انتیس دسمبر کی تاریخ ایام اللہ کے مصادیق میں سے ہے اور ایک ایسا دن ہے جب ایرانی عوام نے بصیرت ، دشمن شناسی اور وقت شناسی کی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور دشمنوں کو دائمی اور تاریخی لحاظ سے مایوسی کاشکار بنادیا -
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ فتنے کی اصلی جڑ مجرم امریکا رہا ہے اور اس شیطان بزرگ نے حالیہ واقعات اور ایران کے خلاف پابندیوں کی مدت میں ایک بار پھر توسیع کرکے اپنی وعدہ خلافی کو دوبارہ ثابت کردیا اور یہ واضح ہوگیا کہ امریکا پراعتماد نہیں کیا جاسکتا -