جمعه 7 اردیبهشت 1403

14 August 2023

اتحاد و اتفاق ہی میں ہے مسلمانوں کی طاقت: چہلم پر کربلائے معلی میں تین کروڑ عزاداروں کا اجتماع

اتحاد و اتفاق ہی میں ہے مسلمانوں کی طاقت: چہلم پر کربلائے معلی میں تین کروڑ عزاداروں کا اجتماع


ہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے مقدس شہر کربلائے معلی میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب با وفا کا چہلم منایا جا رہا ہے جس میں عراق، ایران اور دنیا بھر سے آئے ہوئے کروڑوں عقیدت مند شریک ہیں جو انتہائی پرجوش اور منظم طریقے اور پرامن ماحول میں بارگاہ حسینی میں اشک و ماتم کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔

کربلائے معلی میں سید الشہدا امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب باوفا کے چہلم میں دنیا کے ساٹھ ملکوں کے لاکھوں عقیدت مند شریک ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق اس وقت کربلائے معلی میں تین کروڑ سے زائد عزاداروں کا اجتماع ہے اور بارگاہ حسینی اور اس کے اطراف کی تمام شاہراہیں شمع حسینی کے پروانوں سے چھلک رہی ہیں جن میں بیس لاکھ سے زائد ایرانی زائرین بھی شریک ہیں۔

پاکستان، ہندوستان اور لبنان سمیت دنیا کے دیگر ملکوں سے بھی لاکھوں کی تعداد میں عزادار کربلائے معلی میں سید الشہدا کا چہلم منانے آئے ہیں۔ زائرین کی کثیر تعداد قدیم روایت کے تحت نجف اشرف اور عراق کے دیگر شہروں سے پیدل سفر کرکے کر بلائے معلی پہنچی ہے۔
اس موقع پر سیکورٹی کے کڑے انتظامات کیے گئے ہیں اور داعشی دہشت گردوں کی دھمکیوں اور دشمنان اہلبیت کی سازشوں کے باوجود شمع حسینی کے پروانوں کا یہ عظیم الشان اجتماع مکمل امن وامان کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
عراق کے صدر فواد معصوم نے اربعین ملین مارچ اور چہلم امام حسین علیہ السلام کے پرشکوہ اجتماع کے انعقاد کی قدردانی کرتے ہوئے سیکورٹی کے بہترین انتظامات کی بابت ملک کی مسلح افواج، پولیس اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں کی جانفشانی اور قربانیوں کو سراہا ہے۔
اتوار کے روز اپنے ایک پیغام میں چہلم امام حسین علیہ السلام کی تعزیت پیش کرتے ہوئے صدر فواد معصوم نے یہ بات زور دیکر کہی کہ عراقی عوام اربعین حسینی کی عظیم روایت کو ہر سال پہلے سے زیادہ شکوہ وعظمت کے ساتھ منا رہے ہیں۔
عراقی حکام کے مطابق اربعین ملین مارچ اور چہلم امام حسین کے اجتماع کی حفاظت کے لیے تیس ہزار سیکورٹی اہلکاروں کو تعنیات کیا گیا ہے جو پوری تندہی کے ساتھ اپنے فرائض کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔
چہلم امام حسین علیہ السلام کی مکمل سیکورٹی عراقی افواج کی توانائیوں اور صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے جو بیک وقت ، داعشی دہشت گردوں کے خلاف بھی برسر پیکار ہیں۔