چهارشنبه 29 فروردین 1403

14 August 2023

رہبر انقلاب اسلامی نے اربعین ملین مارچ کو عظیم تاریخی حقیقت اور الہی نعمت قرار دیا

رہبر انقلاب اسلامی نے اربعین ملین مارچ کو عظیم تاریخی حقیقت اور الہی نعمت قرار دیا


اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی عوامی رضا کار فورس بسیج کے ہزاروں  جوانوں اور کمانڈروں نے بدھ کو تہران میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس اجتماع سے اپنے خطاب میں اربعین ملین مارچ کو ایک عظیم تاریخی حقیقت اور عظمت الہی کا مظہر قرار دیا۔ آپ نے فرمایا کہ عاشقان حسینی کے اربعین ملین مارچ نے دنیا والوں کو دکھا دیا کہ یہ راہ عشق بصیرت کے ساتھ ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اس عظیم نعمت الہی کا شکر ضروری ہے۔ آپ نے فرمایا کہ اس نعمت الہی کا شکر یہ ہے کہ اربعین ملین مارچ کے دوران جو برادری، اخوت بھائی چارے، مہربانی اور عشق ولایت کا جذبہ کار فرما رہا اس کو محفوظ رکھا جائے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اپنے خطاب کے دوسرے حصے میں  فرمایا کہ امریکی حکومت نے  اب تک جامع ایٹمی معاہدے کی متعدد بار خلاف ورزی کی ہے۔  آپ نے فرمایا کہ امریکا نے ایران کے خلاف پابندیوں میں دس سال کی جو توسیع کی ہے اور اگر اس پر عمل کیا گیا تو یقینا یہ مشترکہ جامع ایکشن پلان کی خلاف ورزی ہوگی۔ آپ نے فرمایا کہ امریکی حکومت کو معلوم ہونا چاہئے کہ ایران ان پابندیوں کے نفاذ پر مناسب جوابی اقدامات انجام دے گا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے اس خطاب میں عوامی رضاکار فورس بسیج کو اسلامی انقلاب کی حیرت انگیز برکات میں شمار کیا اور فرمایا کہ حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کو بسیج کی تشکیل کی فکر خداوند عالم نے الہام کے ذریعے عطا فرمائی تھی۔ آپ نے بسیج کے خلاف دشمنوں کی سازشوں کی طرف سے خبردار کرتے ہوئے فرمایا کہ، دراندازی و نفوذ، متوازی خطوط کا تعین اور بسیج نیز نرم جنگ کے افسروں کے مقابلے میں رقیبوں کو تیار کرنا، دشمن کے سازشی منصوبوں میں شامل ہے۔